کشمور (ویب ڈیسک) ایس ایس پی کشمور محمد مراد گھانگرھو کی ہدایات پر گبلو کے کچے والے علاقے میں پولیس کی جانب سے دوسرے دن بھی بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریڈ آپریشن جاری رکھا گیا ہے، جس کے دوران 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز بخشاپور تھانے کی حدود میں شربت واہ کے قریب مسافر کوچ پر فائرنگ اور لوٹ مار کی کوشش کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے جاری اس آپریشن میں ضلع کے تمام ایس ایچ اوز، ایلٹ فورس، اے پی سیز اور جدید ہتھیاروں سے لیس پولیس کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے۔
پولیس کارروائی کے دوران جرائم پیشہ افراد اور ان کے سہولت کاروں کے ممکنہ ٹھکانے اور پناہ گاہیں آگ لگا کر مسمار کر دی گئی ہیں۔
اس موقع پر ایس ایس پی کشمور کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور واقعے میں ملوث ملزمان کو سخت سزا دی جائے گی۔



