بیجنگ (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کا مخلصانہ کردار ادا کیا ہے، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی اور امریکی قیادت کے درمیان رابطوں میں اہم کردار ادا کیا، اور دونوں ممالک کے معاملات اب درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
چین کے دورے کے دوران بیجنگ کے گریٹ پیپلز ہال میں وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جہاں چینی وزیراعظم لی چیانگ نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں چینی مسلح افواج کے دستوں کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین اپنی دوستی کے 75 سال منا رہے ہیں، جس کی بنیاد ہمارے بانی رہنماؤں نے رکھی تھی۔ انہوں نے امن کے قیام کے لیے صدر شی جن پنگ کے 4 نکاتی ایجنڈے کی بھرپور حمایت کی۔
دوسری طرف، چینی وزیراعظم لی چیانگ نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ روایتی دوستی اور عملی تعاون کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کے ساتھ وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید گہرا کرے گی۔



